انٹیلیجنس رپورٹوں کے مطابق امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئیں اور اس کا ایٹمی پروگرام صرف چند ماہ پیچھے چلا گیا۔ صدر ٹرمپ نے تاہم ان رپورٹوں کی تردید کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی فوج نے فردو جوہری تنصیبات پر حملہ کرکے اسے مکمل تباہ کردیا
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی نیوز چینل سی این این اور نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی ڈیفنس انٹیلیجنس ایجنسی کے ابتدائی جائزے کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملے اس کے جوہری پروگرام کے بنیادی اجزا کو تباہ کرنے میں ناکام رہے، اور ان حملوں کے نتیجے میں یہ پروگرام صرف چند ماہ پیچھے چلا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نےگزشتہ روز امریکی میڈیا کی ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ایران پر امریکی حملوں نے تہران کے جوہری پروگرام کو صرف چند ماہ کے لیے روک دیا ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا، ’’ایران میں جوہری مقامات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں‘‘
ذرائع کے مطابق یہ ابتدائی جائزہ امریکی محکمہ دفاع کی انٹیلیجنس ایجنسی (ڈی آئی اے) نے تیار کیا ہے اور یہ رپورٹ امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے حملوں کے بعد کیے گئے (جنگی نقصان کے تجزیے) کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔
تاہم، ایرانی جوہری تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان اور اس کے طویل مدتی اثرات کا جائزہ ابھی جاری ہے، اور مزید معلومات آنے پر یہ نتائج تبدیل ہو سکتے ہیں۔
ابتدائی نتائج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان دعوؤں سے مطابقت نہیں رکھتے جن میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکی حملوں نے ایران کی افزودگی کی تنصیبات کو ’مکمل اور پورے طور پر تباہ کر دیا‘ ہے۔

