ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ تنازع کے تناظر میں ایرانی حکام اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں سے مبینہ تعلق کے شبہ میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کر رہے ہیں اور متعدد افراد کو پھانسی بھی دی ہے۔
گرفتاریوں اور پھانسیوں کا یہ سلسلہ ان واقعات کے بعد شروع ہوا ہے جسے ایرانی حکام نے اسرائیلی ایجنٹوں کی جانب سے ایرانی سکیورٹی سروسز میں غیر معمولی دراندازی قرار دیا ہے۔
حکام کو شبہ ہے کہ اسرائیل کو فراہم کی گئی معلومات نے تنازع کے دوران انتہائی اہم شخصیات کے قتل کے سلسلے میں بڑا کردار ادا کیا۔ ان میں سپاه پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے اعلیٰ کمانڈروں اور جوہری سائنسدانوں کی ٹارگٹ کلنگ بھی شامل تھی، جسے ایران ملک کے اندر سرگرم اسرائیل کی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے کارندوں سے منسوب کرتا ہے۔
اسرائیل کے لیے جاسوسی، ایران میں ایک اور شخص کو سزائے موت دے دی گئی
ان ہلاکتوں نے ایران کو متزلزل کر دیا اور حکام ہر ایسے شخص کو نشانہ بنا رہے ہیں جس پر غیر ملکی انٹیلیجنس کے ساتھ کام کرنے کا شبہ ہے۔ ان کی دلیل ہے کی یہ قومی سلامتی کی خاطر کیا جا رہا ہے۔
جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تنازع کے آغاز کے ساتھ ہی ایران میں جاسوسی کے الزامات کے سلسلے میں پھانسیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
