انہوں نے کہا کہ بُرے وقت میں جو پارٹی چھوڑ کرگئے ان کے لیے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں ہے، مجھے پتا ہے برے وقت میں کون سے لوگ چھوڑ کر گئے؟ بہت کم ایسے لوگ ہیں جنہوں نے بہت مشکل وقت میں پارٹی کو مجبوری میں چھوڑا، جو اچھے وقت میں فل ٹائم موجود تھے اور برے وقت میں پارٹی چھوڑ گئے تو ان کے لیے ہمارے پاس کوئی جگہ نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ میں کسی کا نام نہیں لیتا جو سیدھا سادا پارٹی کو چھوڑ کر گئے ہیں انہیں واپس نہیں لوں گا، جنہوں نے مشکل وقت گزارا اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے وہ تسلی رکھیں وہ تمام لوگ جو سخت حالات میں انڈر گراؤنڈ چلے گئے سختیاں اور تشدد برداشت کیا ان کیلئے بہتر فیصلہ ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فیئر ٹرائل میرا حق ہے اور یہاں فیئر ٹرائل کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، جتنے حالات خراب ہو رہے ہیں اتنی سختیاں بڑھائی جارہی ہیں، پارٹی لیڈرز اور وکلا سے ملنے نہیں دیا جاتا، تیسرا ہفتہ ہے بچوں سے بھی فون پر بات نہیں کروائی جارہی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے میڈیا نمائندوں کو سوال کرنے سے روک دیا
میڈیا ٹاک کے دوران صحافیوں کے سوالات پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے میڈیا نمائندوں کو عمران خان سے سوال کرنے سے روک دیا۔ عمران خان نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو روکا تو اس نے جواب دیا عدالتی حکم ہے کہ آپ پریس کانفرنس اور میڈیا ٹاک نہیں کرسکتے۔
