لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کے خلاف مقامی وکیل شاہد رانا نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی تھی، درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ مریم نواز شریف نے پریس کانفرنس میں عدلیہ کی توہین کی ہے۔
درخواست گزار نے جب مریم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے درخواست دائر کی تو سنگل بینچ نے اسے مسترد کردیا گیا تھا، درخواست گزار نے دوبارہ درخواست دائر کرکے سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر مریم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی ۔
لاہور ہائی کورٹ نے استدعا منظور کرتے ہوئے مریم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے، لاہور ہائی کورٹ کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ3 اپریل کو مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
