تحریک انصاف کی خالی ہونے والی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کرتے ہوئے دو مخصوص نشستوں پر نامزدگی کیلئے پی ٹی آئی سے نام بھی مانگ لئے ہیں۔ تحریک انصاف کی خالی ہونے والی نشستوں میں این اے 22مردان تھری ، این اے 24چارسدہ ٹو، این اے 31پشاورV، این اے 45کرم ون، این اے108فیصل آبا د VIII، این اے 118ننکانہ صاحبII، این اے 237ملیر II، این اے 239کورنگی کراچی ون ، این اے 246کراچی سائوتھ شامل ہیں۔ الیکشن کمشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 9 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب 25 ستمبر کو ہوگا۔ ضمنی انتخا ب کیلئے امیدوار 10 اگست سے 13 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ حتمی فہرست 14اگست کو جا ری ہو گی۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔ 27 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور 29 اگست کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے جن اراکین کے استعفے منظور کیے گئے تھے ان میں علی محمد خان، فضل محمد خان، شوکت علی، فخر زمان‘ فرخ حبیب، اعجاز احمد شاہ، کراچی سے جمیل احمد خان، محمد اکرم چیمہ، عبدالشکور شاد بھی شامل ہیں۔ شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار کی خالی نشستوں پر بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی سے نامزدگیاں طلب کی گئی ہیں۔دوسری طرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے 9حلقوں سے خود ضمنی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے قومی اسمبلی کے ان 9 حلقوں سے خودضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
